نئی دہلی28 ستمبر(ایس او نیوز؍آ ئی این ایس انڈیا) پاکستان، چین اور افغانستان کے اعلی حکام کے درمیان جنگ متاثرہ ملک افغانستان میں امن اور ترقی کے احیاء کے لئے یہاں سہ فریقی مذاکرات منعقد کی گئی۔پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے کل جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 26 اور 27 ستمبر کو چین-افغانستان-پاکستان کے درمیان عملی تعاون ڈائیلاگ کی دوسری میٹنگ کابل میں منعقد ہوئی تھی۔تینوں فریقوں نے سہ فریقی عملی تعاون کے ذیل میں باہمی تبادلہ خیال اور تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں فریق نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سہ فریقی عملی تعاون کا مقصد افغانستان میں امن کی بحالی اور اقتصادی ترقی کو تعاون دینا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ تینوں طرف سے کابل کی ترجیحات کو مکمل طور پر ذہن میں رکھتے ہوئے مواصلات کے فروغ اور پاکستان اور چین کی طرف سے افغانستان کو دیے جانے والے تعاون پر باہمی طور پر اتفاق کر لیا ہے ۔